کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات سندھ کے تحت سال 2024 میں 18 لاکھ سے زائد بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی جس سے ویکسین کی کوریج میں اضافہ ہوا۔ ایک بڑی کامیابی کے طور پر سندھ کو زچہ و نوزائیدہ تشنج سے پاک قرار دیا گیا۔ خسرہ اور اس کی پیچیدگیوں سے 130 بچے جبکہ خناق سے 12بچے انتقال کر گئے۔ سندھ بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی آگاہی کے لئے مختلف سرگرمیاں کی گئیں۔ جنگ سے گفتگو میں ای پی آئی سندھ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نعیم نے بتایا کہکوریج کی جانچ کے لئے آزانہ جائزہ آر سی اے کرایا گیا جس نے ظاہر کیا کہ سندھ میں 76فیصد بچے مکمل ویکسی نیٹڈ اور مقررہ ٹریک پر ہیں جنہیں 2025میں 90فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔ حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتری آئی اور ٹائیفائیڈ ویکسین کی کوریج 64سے83فیصد تک بڑھی، خسرہ روبیلا ون ویکسین کی کوریج میں 66سے 77 فیصد، خسرہ روبیلا ٹو ویکسین کی کوریج 81سے 86فیصد تک بہتری آئی، پینٹا ون ویکسین کی کوریج 90سے 97فیصد،پینٹا ٹو کی 82سے 86فیصداور پینٹا تھری کی کوریج 78سے 85فیصد پر گئی۔