کراچی( افضل ندیم ڈوگر) معمول کی خبر تو یہ ہے کہ سال 2022اور 2023کی نسبت گزرے سال 2024میں کراچی میں دس دس ہزار گاڑیاں کم چھینی یا چوری کی گئیں لیکن اس رپورٹ میں ڈاکو اور چوروں کی برانڈز میں دلچسپی شامل کی گئی ہے کہ سال 2024میں مشہور کمپنی کی125سی سی رہزنوں جبکہ دوسری کمپنی کی 70سی سی چوروں کی پسندیدہ ترین موٹر سائیکل رہی۔ سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کے ڈپٹی چیف اپریشن شبر ملک نے اس نمائندے کو تفصیلات بتائیں۔ سی پی ایل سی ریکارڈ کے مطابق سال2022 میں 28561موٹرسائیکل اور کاریں چھینی یا چوری کی گئیں۔ سال 2023میں یہ تعداد 28087تھی۔ حیرت انگیز طور پر سال 2024میں چھینی اور چوری کی گاڑیوں کے اعداد و شمار 18213ہیں جو کہ لگ بھگ گزشتہ دونوں سالوں کی نسبت10،10ہزار کم ہیں۔ ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق سال میں 125سی سی کی 2207موٹر سائیکل چھینی جبکہ دوسری کمپنی کی 70سی سی 8515موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔ سال 2024میں مشہور کمپنی کی 1300سی سی کی 69اور دوسری کمپنی کی 800سی سی کی کاریں چھینی گئیں۔ سال 2024میں 1300سی سی کی630کاریں چوری کی گئیں۔ سال کے دوران 70سی سی کی 1123موٹر سائیکل چھینی گئیں۔2024میں کوسٹل ایریا کے ڈاکوؤں نے 110سی سی کی مخصوص 778موٹر سائیکل چھینیں۔110سی سی موٹر سائیکلوں کے انجن بوٹس میں استعمال کیے جاتے ہیں جس کی ان موٹر سائیکلوں کی بلوچستان میں ڈیمانڈ کوسٹ ایریا میں ہے۔ چوری کی گئی موٹر سائیکلوں میں سپر 7522اور 70سی سی 5649موٹر سائیکل شامل ہیں۔