اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر تاریخ میں پہلی بار دس سال سے زائد العمر بچوں کیلئے 15جنوری سے خصوصی سکیورٹی فیچرز کے حامل ب فارم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سکیورٹی فیچرز کے تحت دس سال سے زائد العمر بچوں کےانگلیوں کے نشانات اور تصویر کو ب فارم کا لازمی حصہ بنا دیا گیا ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق خصوصی ب فارم(رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ) کا اجرا مرحلہ وار15جنوری سے کیا جائیگا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نادرا کا محکمہ پاسپورٹ کے اشتراک سے10سال سے زائد عمر کے بچوں کی انگلیوں کے نشانات اور تصویر والے ب فارم کا اجرا ہوگا۔ان اقدامات سے بچوں کی شناختی معلومات کی چوری اوران کے غلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی۔یہ اقدامات بچوں کے جعلی شناختی کارڈز ، غیر قانونی پاسپورٹ کے حصول اور انسانی سمگلنگ جیسے جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہوں گے۔