پشاور (اے پی پی)اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے ٹی ایم اے اوگی مانسہرہ کے ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں پر سب انجینئر کو گرفتار کر لیا. محکمہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اوگی ضلع مانسہرہ سے متعلق کرپشن، اختیارات اور سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے متعلق شکایت موصول ہوئی جس پر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے شکایت پر تفصیلی انکوائری کی۔ انکوائری کے دوران سرکاری خزانے کو دو ملین روپے نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے سرکاری سکیم میں کرپشن، اختیارات اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے پر سابق ٹی ایم او سید آفتاب اسلام شاہ، گوہر اسحاق،اسد جمال اور محمد رفیق کے خلاف ایف آئی آر درج کردی اور سب انجینئر اسد جمال کو گرفتار کرلیا جبکہ باقی اعلیٰ افسران کی گرفتاریوں کی اجازت کےلیے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے اجازت ملتے ہی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔