پشاور(نیوز رپورٹر) خیبرپختونخوا بارکونسل کے انتخابات برائے 2025مکمل ہوگئے جس کے تحت احمد فاروق خٹک ایڈوکیٹ وائس چیئرمین جبکہ اکبرخان کوہستانی ایڈوکیٹ بارکونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین منتخب کرلیے گئے ہیں۔بارکونسل کی نئی منتخب قیادت نے ضلع کرم میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر حملے کی مذمت بھی کی اور کہاکہ امن معاہدے کے بعد ایسے واقعہ کا رونما ہونا تشویشناک ہے ۔ گزشتہ روز ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل کی زیرصدارت بارکونسل کا جنرل باڈی اجلاس ہوا جس میں بارکونسل کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر احمد فاروق خٹک ایڈوکیٹ کووائس چیئرمین جبکہ اکبرخان کوہستانی ایڈوکیٹ کو ایگزیکٹیو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیاگیا۔اس موقع پر نومنتخب وائس چیئرمین اور چیئرمین نے کرم کے علاقے بگن میں ڈپٹی کمشنرودیگرعملے کی گاڑیوں پر حملے کی مذمت کی اور کہاکہ امن معاہدے کے بعد اس طرح کا واقعہ امن معاہدے کو سبوتاثر کرنےکی کوشش ہے جو انتہائی افسوسناک ہے ۔انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ وہ حملے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے ان کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ احمد فاروق خٹک اور اکبرخان کوہستانی ایڈوکیٹس نے مزیدکہاکہ وہ وکلاءکے ووٹس سے منتخب ہوئے ہیں اور وکلاءکی ہر فورم پر ترجمانی کرینگے۔ وکلاءکے فلاح وبہبود اور تحفظ کو یقینی بنانا ،پاکستان میں آئین وقانون کی بالادستی، آزا د اور خودمختار عدلیہ ، جوڈیشل سسٹم اور جوڈیشل کمیشن میں شفافیت، انسانی حقوق اور ملک میں جمہوریت کی بقاءکیلئے وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائینگے۔