• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیرات میں لکڑی کے استعمال کی افادیت

گھر کی تعمیر ہو یا سجاوٹ، لکڑی کا استعمال ناگزیر ہوتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ایک جدید گھر کا تصور لکڑی کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔تعمیراتی صنعت میں لکڑی کا استعمال نیا نہیں بلکہ صدیوں پرانا ہے۔ یوں کہا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا کہ تہذیب وتمدن کی ابتدا سے ہی لکڑی انسانی پناہ گاہوں اورگھروں کا لازمی اور اولین ذریعہ رہی ہے۔ 

دنیا بھر میں لکڑی کی کئی قسمیں موجود ہیں تاہم بطور تعمیراتی مواد شہتیر، شاہ بلوط، صنوبر، ساگوان اور چیڑ کی لکڑی کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے، جن سے بنائے گئے گھر اور عمارتیں ا پنی ایک الگ شان اور دلکشی رکھتے ہیں۔

لکڑی سے تعمیر کا دوبارہ رجحان 

بیسویں صدی میں، بوجھ اٹھانے والی عمارتوں کی تعمیر کو بڑی حد تک کنکریٹ اور اسٹیل پر مبنی طریقوں سے بدل دیا گیا۔ یہ تیزی سے عمارتیں تعمیر کرنے کی ضرورت کا نتیجہ تھا۔ دوسری جانب آگ لگنے کے خطرے کی وجہ سے لکڑی سے کی جانے والی تعمیرات کو بھی کسی حد تک نقصان پہنچا تھا۔ تاہم، حالیہ برسوں میں اس رجحان میں تبدیلی نظر آنا شروع ہوئی ہے۔

ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خدشات تعمیراتی صنعت پر زیادہ پائیدار طریقوں کی طرف منتقلی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ یہ صرف عوامی ادراک سے آنے والا دباؤ نہیں ہے، بلکہ دنیا بھر میں پائیداری کے نئے اصول وضع اور قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔ 

لکڑی کی گھسائی کرنے والی نئی تکنیک اور لکڑی پر مبنی تعمیرات بھی اس روایتی مواد کے لیے نئے تعمیراتی استعمال سامنے لارہی ہیں۔ اس کے علاوہ، کنکریٹ اور اسٹیل کے ڈیزائن پر مبنی ماڈیولر تعمیراتی طریقوں کو اب لکڑی پر لاگو کیا جا رہا ہے۔ 

یہ ڈویلپرز کو اس قابل بنا رہا ہے کہ لکڑی کی فریم شدہ عمارتوں کو اس پیمانے اور رفتار سے تعمیر کر سکیں، جس کی کنکریٹ اور اسٹیل نے 70 سال قبل سہولت فراہم کی تھی۔ ان نئی اور موافق تکنیکوں کے ساتھ، تعمیر میں استعمال ہونے والی لکڑی پہلے سے کہیں زیادہ پائیدار ہے۔ اگر آپ بھی گھر کی تعمیر میں لکڑی کا منفرد استعمال چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل آئیڈیاز پر غور کیا جاسکتا ہے۔

لکڑی کے دروازے اور کھڑکیاں 

گھروں کی تعمیر میں لکڑی کاقدیم اور سب سے عام استعمال دروازوں اور کھڑکیوںکا ہے۔ لکڑی کے دروازوں کے کئی فوائد بھی ہیں اور بجٹ کے پیشِ نظر دیکھا جائے تولکڑی کے دروازے باقی تمام دروازوں کی نسبت زیادہ پائیدار اور سستے ہوتے ہیں۔ ان دروازوں کی صفائی بے حد آسان ہوتی ہے، اس کے علاوہ ان میں اسٹیل اور المونیم کی طرح زنگ لگنے کا بھی خطرہ نہیں ہوتایہی وجہ ہےکہ لکڑی کے دروازے مکینوں کا پہلا انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔ 

لیکن لکڑی کے دروازے تو سب ہی بنواتے ہیں، آپ کچھ منفرد انداز اپناتے ہوئے دروازوں کے سامنے کے رُخ پر چاروں اطراف میں تھوڑی چوڑی اور اسٹائلش لکڑی سے باڈر لائن بھی بنواسکتے ہیں۔ لکڑی کی بارڈر لائن مختلف اور نت نئے اسٹائل کے ساتھ بنوائی جاتی ہے، جو آپ کے گھر کے مختلف حصوں کو شاہانہ انداز فراہم کرتی ہے۔یہ اسٹائل آپ کے کمرے میں آنے والے ہر فرد کومتاثر ہونے پر ضرور مجبور کرے گا۔

اسٹیل اور لکڑی کا امتزاج

عام طور سیڑھیوں کے لیے سیمنٹ ،ماربل یا پھر ٹائلز کا انتخاب زیادہ کیا جاتا ہے لیکن دور جدید میں لکڑی اور سیمنٹ کے خوبصورت ملاپ سے تعمیر کراوائی گئی سیڑھیاں خاصی مقبولیت حاصل کرچکی ہیں۔ اگر آپ کے لیونگ روم سے سیڑھیاں نکلتی ہیں تو ان سیڑھیوں کے لیے بطو ر خاص لکڑی اور اسٹیل کے ملاپ سے سیڑھیاں بنوائیں۔ گرل کے لیے اسٹیل کا انتخاب کرتے ہوئے لکڑی کے ٹھپے خوبصورتی کے ساتھ لگوائیں، اس سے لیونگ روم کی شان بڑھے گی۔

ایکسٹیریئر ڈیزائننگ

ایکسٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے لکڑی کا استعمال بخوبی کیا جاسکتا ہے۔ خوبصورت لکڑی آپ کے مکان کی بوسیدگی اور خستہ حالی کو اپنی خوب صورتی میں چھُپا لیتی ہے۔ شیلف بنوانے اور بالکونی کی حفاظتی دیوار کے لئے لکڑی کے تختوں کا استعمال کریں۔ آپ کی عمارت کے لیے یہ ایک منفرد اور نہایت دلکش ا سٹائل ہوگا، جو اپنی انفرادیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔

لکڑی کے آرائشی پینل

پورشن اسٹائل کے ذریعے کسی بھی جگہ کا حسن بڑھایا جاسکتا ہےاور جگہ کو علیحدہ کرنے کے لیے پینل کا استعمال لازمی ہے۔ آپ اپنے بڑے کمروں میں پارٹیشن کرنے کے لیے گہرے رنگ کے لکڑی کے آرائشی پینلز کا استعمال کریں۔ ان پینلز کی اہم خاصیت یہ ہے کہ یہ زیادہ جگہ نہیں گھیرتے جبکہ ان کو آسانی سے ہٹایا اور لگایا بھی جاسکتا ہے۔ ان پینل پر باریک اور ہلکے رنگوں سے نقش ونگاری کی جائےتو یہ آپ کے کمرے کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔

لکڑی کی کیبنٹس

آپ اپنے ڈریسنگ روم کی مرکزی دیوار کو لکڑی سے بنی کیبنٹس کے لیے بھی مختص کرسکتے ہیں یا پہلے سے تعمیر شدہ دیوار میں لکڑی سے بنی الماری لگواسکتے ہیں۔ اس طرح زیادہ گنجائش کی وجہ سے آپ کپڑوں کے علاوہ دیگر ضروری اشیا بھی اس میں رکھ سکیں گے۔ گہرے رنگ کی لکڑی، سادہ سا ہینڈل اور بڑے سے شیشے کی وجہ سے ایسی المار ی آپ کے بیڈروم کو رونق بخش سکتی ہے۔

کاؤنٹر ٹاپ

مغربی طرز پر بنائے جانے والے گھروں میں کچن کاؤنٹر ٹاپ کے لیے لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کاؤنٹر ٹاپ کا نچلا حصہ لکڑی جبکہ اوپری حصہ ماربل کے ساتھ تعمیر کروایا جاتا ہے۔ دوسر ی صورت میں کاؤنٹر ٹاپ کے لیے لکڑی کے تختے بطور کیبنٹ بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ مثلاً کاؤنٹر ٹاپ اسٹیل کے ساتھ تعمیر کروائے جانے کے بعدلکڑی کے تختے بطور خوبصورتی نصب کروائے جاتے ہیں۔