فرنچ اوپن میں ایک اور اپ سیٹ، سابق چیمپئن نواک جوکووچ فرنچ اوپن 2026 سے آوٹ ہوگئے، انہیں برازیل کے زاو فونسیکا نے پانچ سیٹ کے مقابلے میں شکست دی، دونوں کے درمیان مقابلہ تقریباً پونے پانچ گھنٹے جاری رہا، میچ کا فیصلہ پانچویں سیٹ میں ہوا۔
فرنچ اوپن میں اپ سیٹ شکست کا سلسلہ جاری ہے، ایک اور اپ سیٹ اس وقت سامنے آیا جب برازیل کے 19 سالہ نوجوان زاو فونسیکا نے سابق چیمپئن نواک جوکووچ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیکر فرنچ اوپن سے آوٹ کردیا۔
پہلے دو سیٹ نواک جوکووچ نے باآسانی چھ چار اور چھ چار سے جیت کر برتری حاصل کی، لیکن پھر نوجوان کھلاڑی زاو فونسیکا نے کم بیک کیا اور جوکووچ کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
تیسرے سیٹ میں برازیل کے کھلاڑی نے چھ تین سے کامیابی حاصل کی چوتھا اور پانچواں سیٹ کانٹے کا رہا جہاں برازیلین کھلاڑی نے سات پانچ اور سات پانچ سے جیت کر فرنچ اوپن کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا۔
فرنچ اوپن کا یہ دوسرا بڑا اپ سیٹ ہے اس قبل ٹاپ سیڈ یانک سینر کو دوسرے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔