پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کردی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج کھیلے جانے والے ون ڈے میچ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی اور آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے ٹرافی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی، جبکہ دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس سیشن بھی کیا۔
پاکستانی بیٹرز نے ٹریننگ کے پہلے مرحلے میں فاسٹ بولرز اور دوسرے مرحلے میں اسپنرز کے خلاف بیٹنگ کی مشقیں کیں۔ ہیڈکوچ مائیک ہیسن نیٹس میں کھلاڑیوں کو ہدایات دیتے نظر آئے۔
میچ کے لیے پچ بھی تیار کر لی گئی ہے۔ میچ کا ٹاس شام چار بجے ہوگا، جبکہ مقابلہ شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔
پریس کانفرنس میں شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے کھیل میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی کھلاڑیوں سے بات کی ہوگی، ہمارے لیے ہر کھلاڑی اہم ہے، سیلکٹرز کی کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیے جائیں۔
آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کا کہنا تھا کہ پاکستان مضبوط ٹیم ہے انہیں آسان نہیں لیا جاسکتا۔