اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں سے 33 کروڑ 80 لاکھ کا جرمانہ وصول کرلیا گیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا معاملہ زیر غور آیا۔
چیئرمین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ اسلام آباد میں 3 ہزار سی سی گاڑیوں کی رجسٹریشن نہ ہونے پر 16 لاکھ جرمانہ ہے؟ ٹوکن کی تاریخ کو 3 ماہ کی توسیع دیں۔
کارز ایسوسی ایشن کے نمائندے نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 2 اگست 2024 ءکو نوٹیفکیشن بغیر اطلاع جاری کیا گیا کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر جرمانہ دیں۔
چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ اسلام آباد میں جرائم اورسیکیورٹی کے معاملات مدنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی رجسٹریشن ناگزیر ہے۔
اس پر ممبر ایکسائز سی ڈی اے نے کہا کہ جرمانے کی مد میں ہم نے 338 ملین کا ریونیو حاصل کیا ہے، اسلام آباد میں اب گاڑیوں کی رجسٹریشن کم ہوئی مگر جرائم کی شرح کم ہوئی ہے۔
اس پر رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے استفسار کیا کہ جو گاڑیاں شو رومز میں کھڑی ہیں، ان کی رجسٹریشن کیوں ہوگی؟
اس پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شو رومز مالکان بھی گاڑی خرید کر ہی شو روم میں لاتے ہیں۔
قادر پٹیل نے کہا کہ اگر شوروم مالک تمام گاڑیاں اپنے نام رجسٹرکرالے گا تو خریدنے والا کیا کرے گا اور ٹیکس کیا دے گا؟
اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ملک میں امپورٹڈ گاڑیوں پر بھاری ٹیکسز کی وجہ سے ویسے ہی کم فروخت ہورہی ہیں، ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی تھی کہ معاملہ حل کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے احکامات دیے تھے کہ گاڑیوں کی عدم رجسٹریشن پر جرمانہ مسئلہ حل ہونے تک معطل کریں، بتایا جائے کیا کمیٹی کے احکامات کے باوجود کیوں جرمانے عائد کیے گئے؟