ویانا (اکرم باجوہ) مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت نےاوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان میں زرمبادلہ بھیجنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2024کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے جنوری سے نومبر تک21.5ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں، جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں31فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے نمائندہ جنگ سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں سے توقع رکھتی ہے کہ وہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے مزید کردار ادا کریں گے۔ پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے نئے سال کے پیغام میں کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو متحد ہو کر حکومت کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ ملک کو خوشحالی کی طرف راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2025میں اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی خوشخبریاں ملیں گی اور ان کے مسائل حل ہوں گے، کیونکہ موجودہ حکومت ان کے مسائل حل کرنے میں مخلص ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جتنا مرضی اوورسیز پاکستانیوں کو ورغلا لے مگر ہم اوورسیز پاکستانی محبت وطن ہیں عمران نیازی کی طرح پاکستان کی معیشت کے دشمن نہیں ہیں۔ مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر کو ملکی معیشت کے لیے اہم ستون سمجھتی ہے اور توقع کرتی ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔