• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی: گاؤں کے میئر نے لوگوں کے بیمار ہونے پر پابندی لگا دی

— فائل فوٹو بشکریہ رائٹرز
— فائل فوٹو بشکریہ رائٹرز

اٹلی میں ایک گاؤں کے میئر نے لوگوں کے بیمار ہونے پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ اعلان صحت کی سہولتوں کے درپیش مسائل اور بحران کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

اٹلی کی کاؤنٹی بیلکاسٹرو کے گاؤں کلابریا کے میئر انتونیو ٹورچیا نے رہائشیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی بھی بڑی بیماری کا شکار نہ ہوں جس میں ہنگامی طبی امداد کی ضرورت ہو۔

میئر انتونیو ٹورچیا نے مقامی لوگوں کے لیے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ایسی سرگرمیاں اور کام نہ کریں جن سے شدید چوٹیں آنے کا خطرہ ہو۔

ساتھ ہی انہوں نے مقامی لوگوں کو آرام کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس عجیب اعلان کے بعد میئر کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ یہ حکم مقامی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی خامیوں اور بحران کی طرف توجہ مبذول کرانے کا ایک طریقہ تھا۔

میئر نے کہا ہے کہ بیلکاسٹرو کے 1200 رہائشیوں میں سے نصف کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے اور گاؤں سے قریب ترین اسپتال تقریباً 30 میل دور ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس گاؤں میں کال کے ذریعے آنے والا صرف ایک ڈاکٹر موجود ہے لیکن مایوس کُن طور پر یہ سروس رات، ویک اینڈ اور دیگر چھٹیوں کے دوران دستیاب نہیں ہوتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ اگر کسی کو طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے تو اسے 30 میل دور اسپتال جانا پڑتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کلابریا کا شمار اٹلی کے غریب ترین علاقوں میں ہوتا ہے جہاں 2009ء سے اب تک 18 اسپتال بند ہو چکے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید