برٹش اوپن جونیئر انڈر 13 ٹائٹل جیتنے والے سہیل عدنان کے پنجاب اسکواش کمپلیکس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
سہیل عدنان کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں کامیابیوں کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کا نام روشن کرنے والے سہیل عدنان پنجاب اسکواش کمپلیکس پہنچے تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
استقبال کرنے والوں میں پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر نورالامین مینگل، سینئر نائب صدر محمد منصور سمیت دیگر عہدیداران اور کھلاڑی شامل تھے۔
برٹش اوپن جونیر گولڈ میڈلسٹ سہیل عدنان کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ بعد پاکستان کو خوشی ملی ہے، بہت اچھا لگ رہا ہے، مقابلہ کافی سخت رہا لیکن میں نے فوکس نہیں ٹوٹنے دیا۔
پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر نورالامین مینگل نے کہا کہ سہیل عدنان نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، جونیئر بچوں کو مزید مواقع دیں گے، ان کو بھرپور سہولیات سے نوازیں گے کوشش ہوگی کہ سہیل عدنان پاکستان کا جھنڈا بلند کرتے رہیں۔