کوئٹہ(پ ر)بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین راحب بلیدی ایڈووکیٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی امان اللہ کاکڑ نے دریا ئے سندھ سے کینال نکالنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک گہری سازش ہے جس سے سندھ بنجر ہوجائے گا اور سندھ کے ساتھ بلوچستان کا زرعی بیلٹ بھی بری طرح متاثر ہوگا اورانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ، اس فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کینال نکالنے کے خلاف سندھ کی قوم پرست پارٹیوں اور وکلاء کی جانب سے جاری تحریک و احتجاج کی بلوچستان بار کونسل مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے عوام کو ان کے ساحل اور وسائل سے محروم رکھا جارہا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام قوم دوست قوتیں اور وکلاء مل کر جدوجہد کریں ۔