کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل لیویز بلوچستان کے ریٹائرڈ ملازمین کے رہنما پروفیسر شیر حیدر شیرانی نے کہا ہے کہ مسائل کے حل اور مطالبات کے حق میں تین سال سے پرامن جدوجہد کررہے ہیں شنوائی نہ ہونے کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک جاپہنچی ہے ہمارے مسائل جلد حل کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوں گے یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شاہ محمد ، خانان احمد ، داؤد خان ، عنایت اللہ ، لعل جان سمیت دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین جائز مطالبات کے حق میں تین سال سے جدوجہد کررہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی27 مئی 2024ء کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مطالبات پر عمل درآمد کے لئے کمیٹی بنائی کمیٹی کا چھ ماہ تک کوئی اجلاس نہیں ہوا اس کے بعد وزیر خزانہ میر شعیب نوشیرانی ، صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی جس کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائے گالیکن ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال مسئلہ جوں کا توں ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرکے لیویزکےریٹائرڈملازمین کےمطالبات تسلیم کیے جائیں۔