• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی اسکاٹ لینڈ کے دیہات میں درجہ حرارت -18.9 سینٹی گریڈ تک ہوگیا

لندن (طاہر انعام شیخ /پی اے) برطانیہ میں جنوری کے دوران سردی کا 15سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 2010کے بعد گزشتہ15سال کی سرد ترین رات، 2010کی جنوری میں درجہ حرارت 15-تک گر گیا تھا مڈ لینڈز اور مشرقی انگلینڈ کے بعض علاقوں میں ہفتہ کی صبح خون جما دینے والے کہر چھائی رہی ،جمعہ کو بالائی علاقوں میں واقع 50اور ابرڈین کے 13اسکول بند کردئے گئے۔ جبکہ مورے ،شیٹ لینڈ اور آؤٹر ہیبرڈز میں گزشتہ روز دوسرے دن بھی اسکول بند رہنے کی وجہ سے سیکڑوں طلبہ اسکول نہیں جاسکے ۔برطانیہ کی ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی UKHSA نے پورے انگلینڈ کیلئے منگل تک کیلئے سرد موسم کے سبب صحت کے بارے میں الرٹ میں توسیع کردی ہے ،ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی نے امبر الرٹ میں توسیع کی ہے اور اب اس کاا طلاق 14جنوری تک کیلئے ہوگا جس کے معنی خاص طورپر 65سال سے زاید عمر کے بیمار افراد کی اموات کے واقعات میں اضافہ ہے۔ اختتام ہفتہ کیلئے کی گئی پیشگوئی میں کہاگیاہے کہ برطانیہ کے بیشتر علاقوں میں سردی نقطہ انجماد سے نیچے رہے گی اور ہفتہ کو شیپ، کمبریا اور ہیتھرو میں درجہ حرارت -5درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،ہفتہ کو شمالی آئرلینڈ ،ویسٹ ویلز اور ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ میں ہلکی ہوائیں چلتی رہیں اور درجہ حرارت 5سے 10سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا جبکہ مغربی علاقے میں کم ٹھنڈی ہوا کے ساتھ موسم ابر آلود رہا اور ہلکی بارش ہوتی رہی ،ہفتہ کا دن سرد رہا اور تاہم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بہت زیادہ اوپر نہیں رہا،جبکہ ہفتہ کی رات کو پورے مشرقی علاقے میں درجہ حرارت میں تیزی سے کمی آئی۔ خاص طورپر اسکاٹ لینڈ میں درجہ حرارت -15درجہ سینٹی گریڈ تک کم رہا۔موسمی پیشگوئی کے مطابق اتوار کی صبح سابقہ دن کی صبح کی طرح زیادہ سردی نہیں ہوگی،اتوار کو دن زیادہ تر خشک رہے گا اور موسم سرما کی دھوپ نکلی رہے گی اور شمال اور مشرق سے ہلکی ہوائیں چلتی رہیں گے لیکن درجہ حرارت بہت زیادہ کم نہیں ہوگا اور اگلے ہفتے درجہ حرارت بہت آہستگی کے ساتھ معمول سے کچھ زیادہ ہوجائے گا۔اور منگل ،بدھ اور اس کے بعد زیادہ سے درجہ حرارت 10سے14 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔اس کی وجہ سے بڑی مقدار میں برف پڑنے کا امکان ہے جس سے دریاؤں میں سیلابی کیفیت پیداہونے کا امکان ہے،پانی کے دباؤ کی وجہ سے پورے اسکاٹ لینڈ میں پانی کے پائپ پھٹ جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں ،اسکاٹش واٹر کا کہناہے کہ اسے پانی کی فراہمی کے نیٹ ورک میں پائپ پھٹنے کےواقعات میں کم وبیش 30فیصد اضافے کی اطلاعات ملی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اختتام ہفتہ اور اگلے ہفتے درجہ حرارت میں کمی بیشی ہوتے رہنے کی وجہ سے اسے مزید لائنوں کے پھٹنے کی توقع ہے ، ایک ترجمان کا کہناہے کہ اگرچہ گھروں میں پائپ لائن پھٹنے کی مرمت کرانا مالکان مکان کی ذمہ داری ہے لیکن ہم جتنی جلدی ممکن ہوتا ہے اپنے نیٹ ورک میں پھٹنے والے پائپ لائنوں کی مرمت کردیتے ہیں ۔انھوں نے کہا اسکاٹش واٹر 24 گھنٹے اپنے نیٹ ورک پر موسم کی صورت حال کی مانیٹرنگ کرتا رہتاہے اور اس کے بعد انجینئروں کی ایک ٹیم موجود ہے جنھیں جہاں ضرورت محسوس ہوتی ہے بھیج دیاجاتاہے۔

یورپ سے سے مزید