• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کان حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں‘ نیشنل پارٹی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری داد محمد بلوچ نے سنجدی اور ہرنائی میں کوئلہ کان حادثوں میں 15 کانکنوں کے جاں بحق ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کانکنی کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کے باوجود موثر ایس او پی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی نہیں بناسکی جس کی وجہ سے آئے روز کانکن موت کی آغوش میں جارہے ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئلہ کانوں میں 70 ہزار سے زائد کانکن مزدوری کرتے ہیں ، کانوں میں زہریلی گیسز اور حادثات میں ہزاروں کانکن موت کی آغوش میں جاچکے ہیں ،ہر حادثے کے بعد حکومت اور محکمہ مائنز حفاظتی اقدامات کا عندیہ دیتے ہیں ، تحقیقات کی جاتی ہے لیکن غفلت برتنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ، گزشتہ چند روز کے دوران سنجدی اور ہرنائی میں 2 کوئلہ کان حادثوں میں 15 کانکنوں کی اموات ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کان حادثات میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے، جب تک قانون کی عملداری یقینی نہیں بنائی جاتی اس وقت تک اس طرح کے حادثات کی روک تھام نہیں ہوسکتی۔
کوئٹہ سے مزید