مستقبل کے حوالے سے پیشگوئیاں کرنے کے لیے مشہور اینی میٹڈ کارٹون سیریز ’دی سمپسنز‘ کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس وائرل ویڈیو کے مطابق ’دی سمپسنز‘ سیریز میں 20 سال پہلے لاس اینجلس کے جنگلات میں آگ لگنے کی پیش گوئی کر دی گئی تھی۔
یہ ویڈیو شیئر کرنے والے ٹک ٹاک صارف کے مطابق یہ سیریز کی 2007ء میں’لٹل بگ گرل‘ کے عنوان سے ریلیز ہونے والی قسط کی ویڈیو ہے۔
سیریز کے سیزن 18 کی قسط نمبر 12 میں دکھایا گیا ہے کہ اسپرنگ فیلڈ نامی ایک علاقے کے جنگل میں آگ لگ جاتی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل جاتی ہے اور اس سے پورے علاقے اور اس کے رہائشیوں کو خطرہ ہے۔
اس قسط میں دکھایا گیا ہے کہ بارٹ نامی کردار کے مذاق کی وجہ سے حادثاتی طور پر لگنے والی آگ تیزی سے پھیلتی ہے اور پھر بے قابو ہو جاتی ہے۔
’دی سمپسنز‘ سیریز کی اس قسط میں دکھائے گئے مناظر امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہونے والی تباہی کے حالیہ واقعات سے بہت ملتے جلتے ہیں جہاں جنگلات میں گزشتہ ہفتے منگل کو لگنے والی لگی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
یہ آگ مختلف علاقوں میں پھیلتی جا رہی ہے اور اب تک ہزاروں گھروں کو جلا کر خاک میں ملا چُکی ہے، اس کے نتیجے میں اب تک 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔