• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیل الرحمٰن قمر ہنی ٹریپ کیس، ملزمہ کی درخواستِ ضمانت خارج

ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر—فائل فوٹو
ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر—فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر ہنی ٹریپ کیس کا ٹرائل ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

لاہور ہائی کورٹ نے شریک ملزم یاسر کی درخواست ضمانت منظور جبکہ ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ستمبر سے درخواستِ ضمانت زیرِ التوا ہے، آپ نے کافی وقت لیا، ہمارے ملک میں قانون کا غلط استعمال کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے، ملزمہ آمنہ عروج کیا کرتی ہے؟

وکیلِ صفائی نے بتایا کہ ملزمہ پراپرٹی کا کام کرتی ہے اور پروموشنل ویڈیوز بناتی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے کہا کہ ملزمہ تسلیم کر رہی ہے کہ وہ ویڈیو بنانا جانتی ہے، اتنے بڑے شہر میں اکیلے رہنا، پراپرٹی کا کام کرنا، کوئی بہادر خاتون ہی کر سکتی ہے، اگر ملزمہ کو بلیک میل کیا جا رہا تھا تو وہ خاموش نہ رہتی، آپ کہتے ہیں کہ ملزمہ شوبز سے منسلک ہے، کیا کسی ڈرامے میں کام کیا؟ کبھی آپ کہتے ہیں کہ ملزمہ پروموشنل ویڈیوز بناتی ہے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں فردِ جرم عائد ہو چکی ہے، گواہوں کے بیانات قلم بند ہو رہے ہیں، لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت خارج کر دی تھی۔

دلائل میں سرکاری وکیل نے بتایا کہ21 جولائی کو تھانہ سندر میں خلیل الرحمٰن قمر نے مقدمہ درج کرایا تھا، ملزمان پر اغواء، بلیک میلنگ، مہنگا سیل فون اور ڈھائی لاکھ روپے لوٹنے کا الزام ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید