• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمسن بچیوں سے جنسی زیادتی: سابق برطانوی سیاستدان جیفری ڈونلڈسن کو 15 سال قید کی سزا

سابق برطانوی سیاستدان جیفری ڈونلڈسن---فائل فوٹو
سابق برطانوی سیاستدان جیفری ڈونلڈسن---فائل فوٹو 

برطانیہ کی ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی کے سابق سربراہ جیفری ڈونلڈسن کو 2 کمسن لڑکیوں کے ساتھ زیادتی اور جنسی استحصال کے جرائم میں مجموعی طور پر 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

رواں سال جون میں جیفری ڈونلڈسن کو 1985ء سے 2008ء کے دوران 2 کمسن لڑکیوں کے ساتھ کیے گئے جنسی جرائم کے 18 الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔

عدالت نے متاثرہ لڑکیوں میں سے ایک کے ساتھ زیادتی کے جرم میں 11 سال اور دوسری لڑکی کے خلاف جرائم پر 4 سال قید کی سزا سنائی، جیفری کو یہ سزائیں یکے بعد دیگرے بھگتنا ہوں گی۔

جج پال ریمزی نے مقدمے کو انتہائی پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جرائم نے متاثرین کی زندگیوں پر گہرے اور مستقل اثرات مرتب کیے ہیں، ایک متاثرہ لڑکی احساسِ شرمندگی کے ساتھ بڑی ہوئی جبکہ دوسری اب بھی شدید ذہنی صدمے کا شکار ہے اور روزانہ موت کی دعا کرتی ہے۔

جج کے مطابق مجرم نے متاثرین سے نہ معافی مانگی اور نہ ہی اپنے جرائم پر پشیمانی ظاہر کی۔

واضح رہے کہ جولائی میں جیفری ڈونلڈسن سے برطانوی اعزازی خطاب بھی واپس لے لیا گیا تھا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جیفری ڈونلڈسن نے جیوری کے متفقہ فیصلے کے باوجود اپنی بے گناہی پر اصرار کیا ہے۔

مقدمے میں ڈونلڈسن کی جانب سے ایک متاثرہ لڑکی کو لکھا گیا خط بھی اہم ثبوت ثابت ہوا جس میں جیفری ڈونلڈسن نے معافی طلب کرتے ہوئے گناہوں سے نجات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

جیفری ڈونلڈسن کی اہلیہ ایلینر ڈونلڈسن کو بھی مقدمے کی کارروائی کے بعد ان جرائم میں معاونت کرنے کا قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید