• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈ آپریشن شروع کیا جائے گا، بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر (ہارون مرزا) برطانیہ میں کئی دہائیوں سے آباد پاکستانی و کشمیری کمیونٹی برطانوی معیشت میں بڑا اہم کردار ادا کر رہے ہیں سپورٹس کا میدان ہو یا تعلیم کا، سیاست ہو یا بزنس پاکستانی کمیونٹی نے اپنی انتھک محنت سے برطانوی معاشرے میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار او پی سی کے وائس چیئر پرسن بیرسٹر امجد ملک نے اپنے اعزاز میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام گریٹر مانچسٹر کے شہر راچڈیل کے مقامی ہال میں برطانیہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری خالد محمود اور محمد عابد نے کیا۔ تقریب میں ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان، مئیر آف راچڈیل شکیل احمد، ڈپٹی لیڈر آف راچڈیل کونسل علی عدالت، کونسلر نعیم الحسن، نعیم نقشبندی، سابق مئیر آف راچڈیل عاصم رشید، سابق مئیر آف اولڈہم عتیق الرحمٰن، سابق مئیر آف راچڈیل محمد زمان، کونسلر وزیر شاہ، مقبول ملک ایڈوکیٹ، ڈاکٹر لیاقت ملک، وسیم چوہدری، مصطفیٰ مغل، محبوب بٹ، اعجاز افضل، عارف پندھیر کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب میں نظامت کے فرائض چوہدری خالد نے ادا کیے- تقریب سے خطاب کرتے ہوئے او پی سی کے وائس چیئر پرسن بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے تمام مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف دسمبر کے مہینے میں45ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ میاں محمد شہباز شریف اور میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔ اوورسیز پاکستانیز پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں ان کے حقوق کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری ہے برطانیہ میں گرومنگ گینگ کے حوالے سے جاری منفی پروپیگنڈا کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بچوں میں لیڈرشپ کی خوبیاں پیدا کریں تاکہ سوشل میڈیا پر اس کا موثر جواب دیا جا سکے۔ برطانیہ میں اسلامو فوبیا کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کیلئے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ اس پر قابو پایا جا سکے۔ مئیر آف راچڈیل شکیل احمد کا کہنا تھا کہ بیرسٹر امجد ملک ایک پڑھے لکھے اور محنتی انسان ہیں امید ہے کہ اوورسیز کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو جا ئیں گے۔ ڈاکٹر لیاقت ملک کا کہنا تھا کہ80سے زائد گرومنگ گینگ کے مجرم سفید فام ہیں، سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کے خلاف باقاعدہ منظم تحریک جو چلائی گئی ہم اس کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تقریب میں نارتھ ویسٹ جرنلسٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے خطابات میں امر پر زور دیا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں نارتھ ویسٹ جرنلسٹ کمیونٹی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز بھی دی گئیں۔

یورپ سے سے مزید