وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی رہنما نجیب افسر نے بھارتی وزیر دفاع راجندر سنگھ ناتھ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام اب بیدار ہو چکے ہیں وہ ا پنے وطن کی آزادی تک جد جہد جاری رکھیں گے۔ نجیب افسر نے کہا کہ یہ بھارت کے حکمرانوں وتیرہ بن چکا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے آزاد کشمیر پر قبضہ کے من گھڑت بیانات دینا شروع کر دیتے ہیں ۔ نجیب افسر نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا آزاد کشمیر مقبوضہ کشمیر آزاد کشمیر میں ضم ھونے تک نامکمل ہے ۔ انہوں نے کہا کشمیر کے موجودہ حالات مطالبہ کرتے ہیں جنگ بندی لائن ختم کرنے کیلئے اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ نجیب افسر نے کہا کہ کشمیری عوام تقسیم کشمیر کے کسی بھی فارمولے کو تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کو کشمیر میں نمائندہ حکومت کے قیام کے ساتھ منایا جا ئے تاکہ بھارتی حکومت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا جا سکے۔