کیلیفورنیا (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی بدترین آگ کے سبب تاریخ میں پہلی مرتبہ آسکرز ایوارڈ کی تقریب منسوخ ہونے کا امکان ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کےمطابق لاس اینجلس کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹی وی آرٹس ٹی پارٹی، اے ایف آئی ایوارڈز لنچ اور کریٹکس چوائس ایوارڈز سمیت کئی دیگر تقاریب بھی ملتوی کر دی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آسکر ایوارڈ کی تقریب رواں برس 2مارچ کو شیڈول ہے لیکن لاس اینجلس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تقریب منسوخ کی جاسکتی ہے، منسوخی کا فیصلہ ہالی وڈ اسٹار ٹام ہینکس، ایما اسٹون، میریل اسٹریپ اور اسٹیون اسپیلبرگ کی زیر قیادت کمیٹی صورت حال کا تعین کرنے کے بعد کرے گی۔رواں ماہ کے آغاز میں لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ کے سبب97 ویں اکیڈمی ایوارڈز آسکر کی نامزدگیاں ملتوی کردی گئی تھیں، آسکرز کی نامزدگیوں کا اعلان دراصل 17جنوری کو ہونا تھا تاہم اب ان نامزدگیوں کا اعلان 19جنوری کو ہو گا۔ تقریب منسوخی کے حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ کو تشویش ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب بہت سے لوگ دکھی دلوں اور ناقابل تلافی نقصان سے نمٹ رہے ہوں جشن منانا مناسب نہیں، اگر چہ اگلے ہفتے تک آگ ختم ہو بھی جائے تو درحقیقت شہر مہینوں اس درد سے نمٹتا رہے گا۔ واضح رہے کہ لاس اینجلس کے متعدد مقامات پر آگ پھیلنے سے اب تک 25افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہزاروں گھر جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔ ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات پیرس ہلٹن، بلی کرسٹل، مارک ہیمل، ایڈم بروڈی، لیٹن میسٹر، فرجی، اینا فارس اور اینتھونی ہاپکنز سمیت دیگر شخصیات کے آشیانے بھی آگ کی لپیٹ میں آئے ہیں۔