اوسلو (ناصر اکبر) اسلامک کونسل ناروے کے زیراہتمام فلسطین، شام اور اسلامو فوبیا کے خلاف جدوجہد میں ناروے کے کردار کے موضوع پر تقریب سندرے نوردسترانڈ مسلم سینٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر خارجہ، ناروے اسپین بارٹ ایڈے تھے۔ اجلاس میں وزیر خارجہ ناروے اسپین بارٹ ایڈے نے صدر اسلامک کونسل ناروے صاحبزادہ محمد معصوم زبیر، چوہدری منشا خان، طاہر محمود سلام، امتیاز احمد وڑائچ اور ناروے کے مختلف اضلاع سے آئے مہمانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسلامک کونسل ناروے نے انسانی حقوق، انسانی امداد اور بین الاقوامی قوانین کے تحفظ کے لیے ناروے کی کاوشوں کو سراہا۔ فلسطینی مہاجرین کی مدد کیلئے UNRWA کے ذریعے امداد، غزہ کی معاونت اور اقوام متحدہ میں واضح موقف نے بہت سے لوگوں کے لیے اہم فرق پیدا کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اور حکومت کے لیے اہم سفارشات کی گئی جن میں کہا گیا کے فلسطین میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے ذریعے اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ بناتے ہوئے قانون کا تحفظ کریں۔ تیل فنڈ (Oljefondet) کو ان کمپنیوں سے نکالیں جو قبضے سے فائدہ اٹھاتی ہیں اور اخلاقی سرمایہ کاری کو یقینی بنائیں اورغزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافہ کریں، جس میں فلسطینیوں کیلئے ناروے میں طبی علاج اور تعلیم کے مواقع شامل ہوں۔ اسی طرح شام میں بھی تعمیرنو اور انسانی امداد کیلئے مدد میں اضافہ کریں اور ان پابندیوں کو نرم کرنے کے اقدامات پر غور کریں جو عام شہریوں کو متاثر کرتی ہیں۔ اسلامو فوبیا اور امتیازی سلوک کےحوالے سے بھی کہا گیا کہ ناروے مسلمانوں کے خلاف نفرت کیخلاف جدوجہد میں قیادت کر سکتا ہے ہم بین الاقوامی تعاون کے ذریعے روہنگیا، ایغور اور برمیوں جیسے متاثرہ گروہوں کی حمایت کی اپیل کرتے ہیں۔