مانچسٹر (نمائندہ جنگ) اسپین میں غیر ملکیوں بالخصوص برطانوی باشندوں کی طرف سے گھروں کی خریداری کے عمل کو سخت کرنے کیلئے پالیسی متعارف کرانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ برطانوی باشندوں کے گھر خریدنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے کیلئے نئی پالیسیاں غیر ملکی شہریوں کیلئے مسائل پیدا کر سکتی ہیں ملک بڑھتے ہوئے مکانات کے بحران سے نمٹنے کیلئے جہاں عام ہسپانوی پریشان ہیں وہیں حکومت بھی دبائو کا شکار ہے۔ ہسپانوی وزیراعظم کی طرف سے نئے اقدامات کے تحت پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جس سے حکومت پر امید ہے کہ دستیاب مکانات کی کمی سے مشتعل رہائشیوں کو سہولت حاصل ہو گی ایک متنازع تجویز ملک میں گھر خریدنے والے غیر یورپی یونین کے شہریوں کیلئے ٹیکس کا نفاذ ہے جو پہلے سے اسپین میں نہیں رہتے۔ حکومت گھر خریدنے پر ادا کی جانے والی رقم کو جائیداد کی قیمت کے 100 فیصد تک بڑھا کر برطانویوں سمیت غیر ملکیوں پر ٹیکس لگا نے کی تجویز سامنے لائی ہے۔ اسپین میں گھر خریدنے والوں سے فی الحال گھر کی قیمت کے 10سے 12فیصد کے درمیان لاگت اور ٹیکس ادا کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔ نیا ٹیرف رہائشیوں کے لیے رہائش کی دستیابی کو ترجیح دینے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف 2023میں یورپی یونین سے باہر کے غیر رہائشیوں نے اسپین میں27ہزار مکانات اور فلیٹس خریدے۔ مکانوں کی قلت کے تناظر میں ہم یہ برداشت نہیں کر سکتے۔ اسپین میں گھروں کی کمی کے معاملے پر سال بہ سال بڑے پیمانے پر مظاہرے بڑھتے ہوئے دیکھے گئے ہیں مقامی لوگ مکانات کی کمی سے مسائل کا شکار ہیں جبکہ موقع پرست گھر خریدتے ہیں اور چھٹیاں منانے والوں کو کرائے پر دیتے ہیں یا سال کے بیشتر حصے میں انہیں خالی چھوڑ دیتے ہیں۔ اسپین میں رہائش برطانیہ کے شہریوں اور دیگر غیر یورپی یونین کے شہریوں کے لیے کھلی ہے جو 90دنوں سے زیادہ قیام کا ارادہ رکھتے ہیں، فیس اور مالی استحکام کے ثبوت کے ساتھ انہیں اپنے معاملات سامنے لانا ہوں گے۔ ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم کے منصوبے کا عوامی سطح پر خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ تعمیراتی صنعت میں اصلاحات، سستے کرایہ کو یقینی بنانے اور کرائے کے رہنما خطوط پر عمل کرنے والوں کو مراعات دینے پر توجہ مرکوز کرنے والے 12 اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ نئے تجویز کردہ اقدامات میں ایک نئی پبلک ہاؤسنگ کمپنی کو زمین کی منتقلی بھی شامل ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ہزاروں نئے کرائے کے مکانات بنانے کے لیے استعمال کرے گی حکومت کا کہنا ہے کہ اس سال کی پہلی ششماہی میں کمپنی30ہزارسے زیادہ سریب گھروں کو شامل کرنا شروع کر دے گی۔