لاہور (نیوزرپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اختلافات کو انتقام کی آگ کیساتھ جان لیوا نہ بنایا جائے ، سماجی، معاشرتی تعلقات سماج میں ٹھہراؤ اور برداشت پیدا کرتے ہیں ، مخالف سیاسی رہنماؤں کو عدالتوں سے متنازع سزاؤں پر ہمیشہ مخالفین خوشی کا اظہار کرتے ہیں لیکن سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما کو قید کی سزا ہمیشہ متنازع ہوتی ہے، اِسے کسی صورت نیک شگون نہیں کہا جاسکتا ،لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یونیورسٹیز میں طلبہ و طالبات سے خطاب مکمل سیاسی خطاب تھا .لیاقت بلوچ نے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ صیہونی اسرائیلی مقاصد کے حصول میں ناکامی اور غزہ کے مظلوم، بہادر فلسطینیوں کی استقامت پوری دُنیا کو استعماری، ظلم اور جبر کی قوتوں کے مقابلے میں حق کے لیے کھڑے رہنے کا عظیم درس ہے۔