اسلام آباد(این این آئی)حکومت نے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کو لاپتہ افراد کمیشن کا سربراہ مقرر کر دیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت قانون سازی کے ذریعے لاپتہ افراد ٹربیونل بنانا چاہتی ہے۔جسٹس مندوخیل نے کہا کہ اگر مسئلہ حل کرنا ہوتا تو لاپتہ افراد کا معاملہ حل ہو چکا ہوتا۔بدھ کوسپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جگہ نیا کمیشن سربراہ لگا دیا ہے، حکومت قانون سازی کے ذریعے لاپتہ افراد ٹربیونل بنانا چاہتی ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ لاپتہ افراد ٹربیونل کیلئے تو قانون سازی کرنا پڑے گی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ قانون سازی کیلئے کابینہ کمیٹی کام کر رہی ہے۔