کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں پر حملوں میں ملوث یہودی آبادکاروں پر پابندیاں ختم کردیں، ٹرمپ کی جانب سے یہ اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب چند ہی گھنٹوں قبل یہودی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں اور املاک پر حملے کرکے متعدد املاک کو جلادیا ہے، اسی دوران مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں خون کی ندیاں بہادی ہیں ، صیہونی افواج کی جانب سے جنین کیمپ میں دوسرے روز بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری رہیں ، علاقہ بم دھماکوں اور فائرنگ سے گونجتا رہا ، حملوں میں 10فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ 20فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ، اقوام متحدہ کے مطابق جنین میں 2ہزار فلسطینی خاندان بے گھر ہوچکے ہیں ،دوسری جانب اقوام متحدہ کیلئے امریکا کی نئی سفیر ریپبلکن ایلسے اسٹیفنک نے اپنی تقرری کی سماعت کے موقع پر کہا کہ وہ ماضی میں دیئے گئے اپنے اس بیان پر قائم ہیں کہ فلسطینی علاقوں پر قبضہ اسرائیل کا مذہبی حق ہے، اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، صیہونی افواج کے ہیلی کاپٹر نے اپنے تباہ شدہ گھروں سے ملبہ ہٹانے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا ہے ، فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے 120میتیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہیں بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں پرتشدد واقعات میں ملوث یہودی آبادکاروں پر لگائی گئی پابندیاں ہٹادی ہیں ۔