• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق انگلش فاسٹ بولر سائیڈ بوٹم نے ینگ پاکستانی فاسٹ بولرز کی ٹریننگ شروع کردی

انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر رائن سائیڈ بوٹم نے کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ میں نوجوان فاسٹ بولر کی ٹریننگ شروع کردی، سائیڈ بوٹم کہتے ہیں کہ پاکستان میں کوالٹی فاسٹ بولرز موجود ہیں۔

حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ جاری ہے، جہاں پہلے مرحلے میں انڈر 17 کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔

اس کیمپ میں چار ایلیٹ غیر ملکی کوچز کی زیر نگرانی میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فٹنس ڈرلز پر کام کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی کوچز میں انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ریان سائیڈ باٹم، جنوبی افریقہ کے سیابونگا سیبیا، ریان مارون جبکہ نیوزی لینڈ کے اسکاٹ میکلین اور انگلینڈ کے معروف فزیو تھراپسٹ جاوید مغل شامل ہیں، پی سی بی ہیڈ آف یوتھ ڈویلپمنٹ اظہر علی بھی کرکٹ ٹریننگ کیمپ میں موجود ہیں۔

کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں انڈر 19 کھلاڑی حصہ لیں گے، دوسرا مرحلہ 8 فروری تک جاری رہے گا۔

انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر سائیڈ بوٹم کا کہنا ہے کہ انہیں دوبارہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی اور میں یہاں ایک ایک لمحے سے لطف اندوز ہورہا ہوں، لوگ بہت اچھے ہیں یہاں کا کھانا بہت اچھا ہے، وہ 20 سال پہلے پاکستان آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، یہاں لڑکے سیکھنے کی بہت زیادہ جستجو رکھتے ہیں، اس کیمپ میں صرف بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ ہی نہیں بلکہ کھیل کے دیگر پہلوؤں پر بھی کام ہورہا ہے۔

سائیڈ بوٹم نے مزید کہا کہ میں نے اپنی بولنگ کو آسان اور سادہ رکھا ہوا ہے اور بنیادی باتوں پر توجہ رکھی ہے، میری کوشش ہے کہ ہر نیٹ سیشن میں کھلاڑی خود کو چیلنج کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لڑکے مجھ سے سوالات کرتے ہیں کہ کس طرح گیند پکڑنی ہے کس طرح گیند سوئنگ کرنی ہے، میرے لیے بھی کوچ کی حیثیت سے یہ ایک اچھا تجربہ ہے۔

سابق انگلش فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عظیم فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں، میرے ہیرو وسیم اکرم ہیں کیونکہ میں خود لیفٹ آرم فاسٹ بولر ہوں۔

کرکٹ کوچنگ کیمپ کے انڈر 17 کھلاڑیوں کا کیمپ 12 فروری تک جاری رہے گا اور پھر انڈر 19 کرکٹرز کا کیمپ شروع ہوجائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید