• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانیوالے 200 قیدیوں کا رام اللّٰہ میں پرتپاک استقبال


غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت قیدیوں کے دوسرے تبادلے میں اسرائیل کی دو جیلوں سے 200 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔

اسرائیلی جیل سے رہائی پانیوالے فلسطینیوں کو لے کر تین بسیں رام اللّٰہ پہنچ گئیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق 16 فلسطینی قیدیوں کو رہائی کے بعد غزہ پٹی پہنچایا گیا، جنہیں غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں غزہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللّٰہ میں رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کا عوام نے زبردست استقبال کیا، اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانیوالے قیدیوں کو لوگوں نے کندھوں پر بٹھایا ہوا تھا، اس دوران شہری بڑی تعداد میں  فلسطینی پرچم لہراتے اور فتح کے نشان بناتے نظر آئے۔

اس سے قبل حماس نے مزید چار یرغمالی خواتین کو رہا کیا، چاروں خواتین کا تعلق اسرائیلی فوج سے ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا مقبوضہ مٖغربی کنارے کے شہر جنین میں فوجی آپریشن جاری ہے، پانچ روز میں 14 فلسطینی شہید، تین ہزار فلسطینی خاندان جبری بے دخل کر دیے گئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید