• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد بورڈ، سیکریٹری نے ناظم امتحانات کو برطرف کردیا، شوکت خانزادہ عہدے سے نہیں ہٹا سکتے، مسرور زئی

حیدرآباد/کراچی(بیورورپورٹ/اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے سیکریٹری پروفیسر شوکت خانزادہ نے میگا کرپشن کا الزام عائدکرتے ہوئے تعلیمی بورڈ حیدرآباد کےکنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مسرور زئی کو ملازمت سے برطرف کردیا۔سیکریٹری تعلیمی بورڈ کی جانب سے ناظم امتحانات کی برطرفی کے نوٹیفکیشن میں ڈاکٹر مسرور زئی پر میگا کرپشن کے الزامات پر عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے447 امیدواروں کا ڈیٹا بغیر فیس کے اپ لوڈ کیا، جس کے باعث بورڈ کو 37 لاکھ 62 ہزار 160 روپے کا مالی نقصان ہوا۔جبکہ دوسری جانب اپنی برطرفی پر حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے تصدیق کی ہے کہ سیکریٹری بورڈ شوکت خانزادہ نے ان کی برطرفی کا نو ٹیفکیشن جاری کیا جو خود بھی 19 گریڈ کے افسر ہیں۔جبکہ مسرور زئی بھی گریڈ 19 میں ہیں۔مسرور زئی نے کہا ہے کہ انہیں چیف منسٹر سندھ کی منظوری کے بعد مستقل طورر پر تعلیمی بورڈ کا ناظم امتحانات مقرر کیا گیا ہے۔انہیں ہائیر اتھارٹی کی منظوری کے بغیر برطرف یا عہدے سے نہیں ہٹایا جاسکتا ہے۔دوسری جانب کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق حیدر آباد تعلیمی بورڈ میں ڈیپوٹیشن پر تعینات چیئرمین علی احمد بروہی اور قائم مقام ناظم ڈاکٹر مسرور احمد زئی کے درمیان شعبہ امتحانات میں کنٹرول کا معاملہ شدت اختیار کرگیا ہے اور معاملہ وزیر اعلی سندھ تک پہنچ گیا ہے۔ اعلی انسپکشن انکوائری ٹیم نے معاملہ پر سہ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی چیئرمین کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی انکوائری کرے گی۔ کمیٹی میٹرک ، انٹر کے گزشتہ دس سال کے ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔

ملک بھر سے سے مزید