ملتان (سٹاف رپورٹر) میپکو ریجن میں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن ،میپکو، رینجرز اور پولیس کے جوائنٹ آپریشن میں بوسن روڈ ملتان اور مروٹ بہاولنگر میں63لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر7ٹرانسفارمرز اور 40میٹرز اُتارلئے گئے۔ اسی طرح مختلف علاقوں میں 21صارفین کو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔ بجلی چوروں کو26لاکھ10ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ایس ڈی او گلگشت سب ڈویژن ملتان اکرام سیال کی سربراہی میں ٹیم نے محلہ غفاریہ میں آپریشن کرکے ایک بوائز ہاسٹل سمیت دو بجلی چور پکڑ لئے۔ دونوں صارفین میٹر ریورس کرکے بڑے پیمانے پر بجلی چوری کررہے تھے۔ ایس ڈی او کینٹ سب ڈویژن ذیشان قریشی کی سربراہی میں میٹر انسپکٹر میاں محمد شہزاد، میٹرریڈرز محمد ادریس، رانا تصور، جمشید صدیق اور لائن مین معین قریشی پر مشتمل ٹیم نے چاہ بہارن والا محمد پور گھوٹہ اور کوٹلہ وارث شاہ میں آپریشن کرکے 3افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔بجلی چوری میں استعمال ہونے والےتار اورمیٹرز بھی اُتارلئے۔مختلف بستیوں میں 16لاکھ 43 ہزار روپے واجبات،بقایاجات کی عدم ادائیگی پر2زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اور میٹرز اتارلئے گئے۔