غزہ، پیرس (اے ایف پی، جنگ نیوز) حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد الضیف ’ابو خالد‘ کی شہادت کا اعلان کردیا، القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ویڈیو بیان میں محمد الضیف، ان کے نائب مروان عیسیٰ سمیت القسام بریگیڈز کے دیگر سینئر کمانڈروں غازی ابو طماعہ، رائد ثابت، رافع سلامہ، احمد الغندور اور ایمن نوفل کی شہادت کا اعلان بھی کیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین کیمپ میں مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5زخمی ہوگئے، اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک روز قبل 10فلسطینیوں کو شہید کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ دوسری جانب حماس اور اسلامک جہاد نے اسرائیلی خاتون فوجی سمیت 3صیہونیوں اور 5تھائی شہریوں کو بھی رہا کردیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے تاخیر کے بعد 110فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا ۔ فلسطینی قیدیوں میں عمر قید کے 32 قیدی جبکہ 30 بچے بھی شامل ہیں۔