غزہ پورٹ پر حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی کے دوران ایک فلسطینی خاتون نے القسام بریگیڈ کے مزاحمت کاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان پر پھول نچھاور کیے۔
خاتون کی جانب سے القسام کے مزاحمت کاروں پر پھول نچھاور کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مقامی صحافی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ غزہ پورٹ پر اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے وقت شہید کی والدہ مزاحمت کاروں کو سیلیوٹ پیش کرتے ہوئے ان پر پھول نچھاور کررہی ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے کے چوتھے مرحلے میں حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا، جس کے بعد 183 فلسطینیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہا کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
حماس نے خان یونس میں 2 اسرائیلی یرغمالی اوفر کالدرون اور یارڈن بیباس کو خان یونس میں ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا، جس کے بعد تیسرے یرغمالی کیتھ سیگل کو بھی ریڈ کراس کے حوالے کردیا۔
اسرائیلی فوج نے یرغمالیوں کے اسرائیل پہنچنے کی تصدیق کر دی، جواب میں اسرائیل 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔
اس سے قبل حماس نے تینوں اسرائیلی مغویوں کے نام جاری کیے تھے، جنگ بندی معاہدے کے پہلے 42 روزہ مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 1,900 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جا رہا ہے۔
دوسرے مرحلے کے مذاکرات پیر کو شروع ہوں گے، جن میں باقی یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے مستقل خاتمے پر بات چیت کی جائے گی۔