کراچی (اسد ابن حسن) گزشتہ دنوں ملتان ایئرپورٹ پر برطانیہ سے أنے والے مسافر کے سامان سے 6 ہزار 700برطانوی موبائل سموں کی برامدگی کی تحقیقات میں سائبر کرائم سرکل کو اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک شخص ندیم احمد سلطان نے ڈائریکٹر ملتان خالد انیس کو درخواست دی کہ اس کے ساتھ برطانوی سم کے ذریعے بہت بڑا فراڈ ہوا ہے اور اس کے علم میں ہے کہ جس نے فراڈ کیا ہے وہ برطانیہ سے ملتان أرہا ہے۔ مذکورہ شکایت پر ملتان ایئرپورٹ پر ایف أئی اے ٹیم نے چھاپہ مار کر لندن سے أنے والی فلائٹ پر ایک مسافر محمد زہیب کے سامان کو چیک کیا مگر اسی دوران کسٹم اور دیگر متعلقہ ادارے تاخیری حربے استعمال کرتے رہے جس کی وجہ سے زوہیب کے ساتھی جو باہر اس کو لینے ائے ہوئے تھے وہ فرار ہو گئے۔ ملزم کے بریف کیس سے بھاری تعداد میں سمیں برامد کر لی گئیں اور اس کو سائبر کرائم ملتان کے حوالے کر دیا گیا جہاں سرکل انچارج سجاد اقبال کی سربراہی میں تحقیقات شروع ہوئیں اور اس کو باضابطہ گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 25/21 درج کر لیا گیا۔