کوئٹہ( این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کاکہناہےکہ ملک کے پاس وقت انتہائی کم ہے‘ ہم پشتونوں کو جنہیں آپ غدار کہتے ہیں پاکستان ہمارے حوالے کردو ‘بیس سال میں ہم اسے ایشین ٹائیگر نہ بنادیں میں سیاست چھوڑ دونگا‘ یار لوگوں نے اپنی ساری غلط کاریوں اورآئینی پامالیوں کو حلال کرنے کے لئے پارلیمنٹ کو رکھاہے ‘اپنے گناہوں پر سب نے توبہ کرنی ہوگی ‘ہماری آبادی پنجاب کے ایک ضلع کے برابر ہے ،ایک ضلع کے برابر آبادی والے لوگوں کو آپ 75سال میں نہیں سنبھال سکے کیا یہ آپ کی نااہلی نہیںہے ؟ اگر عمران خان آج کہہ دیں کہ شہباز شریف میرا یار اورا سپیکر میرا کلاس فیلو ہے‘ تین سال میں اس کو نہیں چھیڑتا تو نہ بشریٰ بی بی پہ کیس ہوگا نہ عمران خان پر کیس ہوگا بلکہ شہزادے کی طرح نکل آئے گا۔ایک انٹرویو میں محمود خان اچکزئی کا کہنا تھاکہ اب نئی خبر نکلی ہے کہ پارلیمان کی کمیٹی بنائو ۔ اگر بنانی ہے تو اس بات پہ بھی بنائو کہ یہ حکومت زر اور زور کی بنیاد پر قائم ہوئی یا عوام کے ووٹ سے منتخب ہوئی ہے ؟ اگر پاکستان کوبحرانوں سے نکالنا چاہتا ہے تو واحد راستہ یہ ہے کہ نوازشریف ، پیپلز پارٹی‘فضل الرحمن اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی ایک کمیٹی بنائیں۔