• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم آج شروع ہوگی

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر انعام الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں رواں سال کی پہلی سات روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گی، مہم کے دوران26لاکھ60ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کہ صوبے میں پولیو کیس اور ماحولیات میں وائرس کی موجودگی کی وجہ سے والدین کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں کیونکہ اس مہم کا مقصد صوبے کے بیشتر اضلاع کے ماحولیات میں پولیو وائرس کی موجودگی ہے، اگر والدین بچوں کو قطرے نہیں پلائیں گے تو وائرس بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور کر سکتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں ،پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیوکے قطرے ضرور پلائیں اور حفاظتی ٹیکہ جات بھی ضرورلگوائیں، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ جائے تو ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علماء خصوصی طور پر مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ برس 2024 میں باقی صوبوں کی نسبت سب سے زیادہ 27 پولیوکیس رپورٹ ہوئے۔ تمام کیس چمن،ڈیرہ بگٹی، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، جھل مگسی، ژوب،قلعہ سیف اللہ ، پشین ، لورالائی، نوشکی،چاغی ،خاران اور جعفرآباد سے رپورٹ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز نے ہرطرح کے سخت موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ،معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران11 ہزار653کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 9ہزار329 موبائل ٹیمیں، 962فکسڈسائٹ او ر585ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔
کوئٹہ سے مزید