• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درخت ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں،مشیر ماحولیات

کوئٹہ (خ ن)صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ درخت ہمارے لیے قدرت کا انمول تحفہ ہیں جو نہ صرف ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں جبکہ زلزلے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ اور زمین کے کٹاؤ کو روکنے کا اہم ذریعہ بھی ہیں اور شجرکاری گلوبل وارمنگ کے اثرات زائل کرنے کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پورے ملک اور بالخصوص بلوچستان کے ماحولیاتی نظام کو مزید بہتر کیا جائے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم صرف باتیں کرنے کے بجائے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ہم سب کو سخت محنت کرنا پڑے گی، صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں درختوں کی ضرورت ہے۔ بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ سے بچنے کا ایک اہم راستہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے چیونٹیوں سے لیکر انسان، پرندے اور جانور سب کی زندگیاں درختوں سے جڑی ہیں اسی تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا چائیں، انہوں نے کہا کہ ہم آج درخت نہ لگا کر اپنی آنے والی نسلوں کو غیر محفوظ بنا رہے ہیں اور اگر آج زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تو اس کا مطلب ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کی حفاظت کا انتظام کر رہے ہیں۔ جس طرح ہم سے پہلے لوگوں نے درخت لگائے جو آج ہمارے کام آرہے ہیں۔ انہوں نے ہر عام و خاص شہری سے اپیل کی کہ ہمیں چاہیے اپنے آباؤ اجداد کے لگائے ہوئے درختوں کی حفاظت کریں اور زیادہ سے زیادہ نئے پودے لگا کر ان کی نگہداشت کریں۔
کوئٹہ سے مزید