• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیفیلڈ کے اسکول میں چاقو حملہ، 15 سالہ طالبعلم ہلاک، ایک لڑکا زیرحراست

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

‎برطانیہ کے ایک اسکول میں 15 سالہ طالبعلم چاقو کے وار سے شدید زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔

‎پولیس کو دوپہر 12:17 بجے گرین ویل روڈ پر واقع شیفیلڈ کے آل سینٹس کیتھولک ہائی اسکول میں چاقو کے حملے کی اطلاع دی گئی تھی۔ ساؤتھ یارکشائر پولیس کے مطابق لڑکا شدید زخمی تھا اور ایمبولینس سروس کی بھرپور کوششوں کے باوجود کچھ دیر بعد دم توڑ گیا۔

‎پولیس نے اسی عمر کے ایک اور 15 سالہ لڑکے کو حراست میں لے لیا ہے جو اب وقت پولیس کی تحویل میں ہے۔

‎اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل لندسے بٹر فیلڈ نے پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، یہ انتہائی افسوسناک لمحہ ہے کہ ہمیں یہ اطلاع دینی پڑ رہی ہے کہ آج شیفیلڈ کے ایک اسکول میں پیش آنے والے واقعے میں ایک نوجوان طالبعلم جاں بحق ہو گیا ہے، ہمارے دل اس کے اہلِ خانہ، دوستوں اور اسکول کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے تیزی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ اس واقعے نے والدین، طلباء اور مقامی کمیونٹی میں شدید پریشانی اور دکھ پیدا کیا ہے۔ 

‎انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر واقعے کی دل خراش تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کریں۔

‎انہوں نے مزید کہا ہم عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق کوئی اہم معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں تاکہ انصاف کی راہ ہموار ہو سکے۔ 

‎پولیس کی تفتیش جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید