پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق مشیر برائے امور کشمیر چوہدری ریاض احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں، پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کا شمار دنیا کے نامور سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے جنھوں نے جمہوریت کی خاطر جان کانظرانہ پیش کیا۔
انھوں نے کہا صدر آصف علی زرداری وہ سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے جمہوریت اور بھٹو کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے قیدوبند اور تشدد برداشت کرنے کے علاوہ بے جا تنقید اور الزامات کا سامنا بھی کیا، لیکن وہ عدالتوں کے ذریعے سرخرو ہوئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ کی جانب سے منعقدہ تقریب اور عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری ریاض احمد نے حاضرین تقریب سے کہا کہ ہم سے پوچھیں، ہماری جماعت اور رہنماؤں نے کشمیر اور ملک و قوم کےلیے کیا کچھ نہیں کیا۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا پانچ یونیورسٹی قائم کی گئیں، لوگوں کو صحت و تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی سمیت بہت سے منصوبے مکمل کیے ہیں جن کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا موجودہ حکمران بھی ہمارے بھائی ہیں اپنے طور پر ملک کی بہتری کےلئے کو شاں ہیں، انہوں پی ٹی آئی کا نام لئے بغیر یہ کہا کہ ڈکٹیٹروں کے سائے میں پلنے والے جمہوریت کے بارے میں کیا جانیں ان کا شو پتلی تماشے کی طرح ختم ہوچکا۔
واضح رہے کہ چوہدری ریاض احمد آجکل یورپی ممالک کے دورہ پر ہیں، فرانس آمد پر پیپلز پارٹی یورپ کے صدر نے ان کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی، جس میں پاکستان مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں کے رہنماؤں و عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔