ٹوکیو (اے ایف پی) اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین نے گزشتہ روز کہا کہ امریکی کمپنی کا چینی اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک کے خلاف مقدمہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جس نے سلیکون ویلی کو اپنے طاقتور اور بظاہر سستے طریقے سے تیار کردہ چیٹ بوٹ سے ہلا کر رکھ دیا تھا۔سیم آلٹمین نے ٹوکیو میں میڈیا کو بتایا کہ ہمارا ابھی ڈیپ سیک پر مقدمہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ہم صرف بہترین پروڈکٹس بنانے اور ماڈل کی صلاحیت کے ساتھ دنیا کی قیادت کرنے جا رہے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ یہ بہتر طریقہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ڈیپ سیک یقینی طور پر ایک متاثر کن ماڈل ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہم سرحد کو توسیع دیتے رہیں گے اور زبردست مصنوعات کی فراہمی جاری رکھیں گے، لہٰذا، ہمیں ایک اور مدمقابل ملنے پر خوشی ہے۔