• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز نے 1 سال میں بہترین منصوبوں کا جال بچھایا: تصور حسین تارڑ

مریم نواز — فائل فوٹو
مریم نواز — فائل فوٹو 

پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے سینئر رہنما تصور حسین تارڑ کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے پنجاب بھر میں گزشتہ 1 سال میں بہترین منصوبوں کا جال بچھایا۔ 

انہوں نے آج پیرس میں واقع سفارت خانۂ پاکستان میں کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے پروگرام میں سفارتی افسران سے ملاقات کی جبکہ گزشتہ روز ن لیگی نوجوانوں کے خصوصی مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تصور حسین تارڑ نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں نوجوانوں کو آگے لانے کا رجحان نیک شکون ہے، جس کا منہ بولتا ثبوت وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی 1 سالہ کارگردگی ہے۔

انہوں نے برطانیہ اور ڈنمارک ن لیگ کی تنظیمِ نو کو سراہاتے ہوئے کہکا کہ نوجوانوں کو آگے لانے کا کریڈیٹ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور بیرسٹر امجد ملک کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ پنجاب میں جس تیزی سے بہترین منصوبوں کا جال بچھایا ہے اتنی تیزی سے وہ اوورسیز پاکستانیوں میں مقبول ہو رہی ہیں، صاف ستھرا پنجاب مہم سے شہروں اور دیہاتوں کے نقشے بدل گئے ہیں، اسی طرح اچھے منصوبوں سے لوگوں کی سوچ کو مثبت بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرا اپنے ضلع منڈی بہاؤالدین میں مختلف لوگوں سے رابطہ ہوا تو انہوں بتایا کہ ایک سال میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے شہروں اور دیہاتوں میں یکساں طور پروجیکٹ شروع کیے، جن میں سے اکثر مکمل ہو چکے ہیں، جو بہترین مثال ہے۔ 

انہوں کہا کہ یہ سب کچھ قائدِ ن لیگ میاں نواز شریف کی سرپرستی اور سیاسی تربیت کا نتیجہ ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید