اسلام آباد (طاہر خلیل) نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں قومی احتساب بیورو اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیرٹی اتھارٹی کے درمیان سرکاری خریداریوں میں شفافیت بارے مفاہمتی سمجھوتے پر دستخط کئے گئے۔ پبلک پرکیورمنٹ میں بدعنوانیاں ختم کرنے کیلئے نیب مفت تربیتی سہولتیں فراہم کرے گا۔ مفاہمتی سمجھوتے کی تقریب میں چیئرمین نیب لفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادر شاہ اور منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آر اے(PPRA) حسنات احمد قریشی نے شرکت کی۔ سمجھوتے پر ڈائریکٹر جنرل نیب (اے اینڈ پی) اظہار احمد اعوان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ای- پیڈز شیخ افضال رضا نے دستخط کئے۔ سمجھوتے کا مقصد ای- پیڈز کے حوالے سے دونوں اداروں کے باہمی تعاون پر مبنی معلومات کے تبادلے، منصفانہ شفاف مقابلے، پبلک پروکیورمنٹ (سرکاری خریداریوں) کے عمل کا ایسا نظام وضع کرنا ہے جس سے دونوں اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے شفافیت اور احتساب میں اضافہ کیا جا سکے اور یہ وضع کردہ نظام و طریقہ کار بدعنوان اور جعلساز عناصر کے لئے خوف کی علامت ہو۔