کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سولجر بازار کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ان کا اپنا ساتھی بھی مارا گیا، ایس ایچ او وقار عظیم نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کیخلاف ڈکیتی کے مقدمات درج تھے۔تفصیلات کے مطابق سولجر بازار تھانے کی حدود گارڈن جماعت خانہ آشو اپارٹمنٹ کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب چار مسلح ملزمان نے دو شہریوں سے لوٹ مار کی کوشش کی تو شہریوں نے مزاحمت کردی۔ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو شہری زخمی ہو گئے جبکہ ان کا اپنا ایک ساتھی ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔واقعہ کے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔زخمی شہریوں کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شہری دوران علاج چل بسا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 33 سالہ طاہر بزنجو ولد میر الیاس جبکہ زخمی کی صدام کے ناموں سے ہوئی ۔ایس ایچ او وقار عظیم نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت عبداللہ ولد علی حسن کے نام سے ہوئی جس کے خلاف تھانہ زمان ٹاؤن اور نیو ٹاؤن میں ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں جبکہ ہلاک ڈاکو کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،ہلاک ڈاکو سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔