اسلام آباد ( ٹی وی رپورٹ ) پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کا متن اور چھ نکات میڈیا پر سب کے سامنے ہیں،یہ خط اب قانونی دستاویز بن کرتاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔ بیرسٹرعقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی کے تمام پتے ضائع ہوگئے۔جس پر انہوں نے آرمی چیف کو خط لکھا۔جواب ملا خط موصول نہیں ہوا۔ملا بھی تو خط سے کوئی دلچسپی نہیں، خط ڈرامہ ، چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے صدر ریاست علی آزاد نے کہا کہ 26ویں ترمیم کیا عدلیہ کی آزادی کیخلاف نہیں اس سے ریاست کا ایک ستون منہدم کردیا گیا،جبکہ سپریم کورٹ با ر کے صدر میاں رؤف عطا کا کہنا تھا کہ ججوں کے تبادلے آئین کے مطابق ہیں اورججوں کے ان تبادلوں کو چیف جسٹس نے خوش آئند کہاہے۔ ان رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہارجیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک کے میزبان حامد میرسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب میں انسداد تجاوزات کے حوالے سے اظہارخیال بھی کیا گیا۔ میزبان حامدمیر نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی بہت کم ہوچکی ہے۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آرمی چیف کو لکھا جانے والا خط عوامی حلقوں میں زیر بحث ہے۔ کچھ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ خط ابھی تک وہاں پہنچا نہیں ہے جہاں اسے پہنچنا چاہئے تھا۔آرمی چیف کو خط لکھنے کا اعلان لیکن خط کدھر ہے؟ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے عوام خوش نہیں ہے؟ ججوں کے تبادلوں پر وکلا برادری تقسیم کیوں ہے؟سلمان اکرم راجہ کے سپریم کورٹ میں دعوے کی حقیقت؟نئے الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ کب طے ہوگا؟سلمان اکرم راجہ نے اگر سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے کچھ الزامات لگائے ہیں کچھ دعوے کئے ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف قومی اسمبلی ، زرتاج گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خط کا متن اور چھ نکات میڈیااور ڈیجیٹل میڈیا پر سب کے سامنے ہیں۔سابقہ وزیراعظم کو اپنے ملک کی فوج،عوام،عدلیہ اور انصاف کی فکر ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا خط قانونی دستاویز اور تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔پنجاب میں انسداد تجاوزات مہم سے خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔پنجاب میں انسداد تجاوزات کے لئے پہلے وارننگ دی جاتی ۔ پنجاب میں انسداد تجاوزات کا آپریشن منصفانہ نہیں۔بانی پی ٹی آئی کے پاس عوام کا کارڈ ہے۔یہ دعائیں مانگ رہے ہیں کہ امریکا سے دعوت نامہ آجائے۔وزرا نے ٹرمپ کے خلاف ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیئے۔غریب ریڑھی والوں پر حملہ نہ کریں آپ کی صف میں بھی قبضہ مافیا بیٹھے ہوئے ہیں۔ منتخب ایم این اے میاں غوث کے گھر کا دروازہ توڑ کر نکالا گیا۔سرکاری دفاتر کے باہر سے بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔تین بار خط لکھ چکے انسانی حقوق قائمہ کمیٹی کو میڈیا کے ساتھ پنجاب کی جیلوں کا دورہ کرنے دیا جائے۔انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کو پنجاب میں جیلوں کا دورہ نہیں کرنے دیا جارہا۔سلمان اکرم راجہ نے سیاسی جماعت جوائن کرلی تواس کا سب سے بڑا گناہ ہوگیا۔عمر ایوب چیف الیکشن کمشنر معاملے پر اپنی ذمہ داری پوری کرچکے۔حکومت اپنی پسند کے افراد لگانا بند کردے۔ مشیر وزارت قانون و انصاف،بیرسٹر عقیل ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کے تمام پتے ضائع ہوگئے۔جس پر انہوں نے آرمی چیف کو خط لکھا۔جواب ملا خط موصول نہیں ہوا۔ملا بھی تو خط سے کوئی دلچسپی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک شخص جس نے تمام کارڈ استعمال کئے وہ ضائع ہوگئے۔ ٹرمپ کا پتہ کام نہ آسکا۔ان کی خواہش تھی کہ ٹرمپ پہلی تقریر میں بانی پی ٹی آئی کی بات کریں گے۔