• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں اساتذہ کی عمر کی حد 75 برس کردی گئی

کراچی(سید محمد عسکری)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل( پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کا لجز میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے لیے اساتذہ کی عمر کی حد کو بڑھا کر 75برس کردیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے ڈپٹی رجسٹرار امام بخش نے اس حوالے سے ملک بھر کے تمام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے پرنسپلز، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل/ڈینٹل انسٹی ٹیوٹس کے ڈینز اور تمام میڈیکل یونیورسٹیز کے رجسٹرارز کو خط جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا کونسل کے حالیہ اجلاس میں یہ طے کیا ہے کہ نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کا لجز میں اساتذہ کی عمر کی حد کو 70 سے بڑھا کر 75 برس کردیا گیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں پروفیسرز کی کمی ہے اور ریٹائر ہونے کے بعد نئے پروفیسرز کی آمد میں تاخیر ہورہی ہے چنانچہ کچھ عرصہ کے لیے عمر کی حد بڑھائی گئی ہے۔ پی ایم ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 187 میڈیکل/ڈینٹل کالجوں کے لیے فیکلٹی کی ضرورت 26,018 ہے جبکہ ان میڈیکل/ڈینٹل کالجوں میں 22,146فیکلٹی دستیاب ہے۔
اہم خبریں سے مزید