• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

72 دنوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل، وزیراعظم نے جناح اسکوائر انڈر پاسز کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 72دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے جناح سکوائر انڈر پاسز منصوبے کا افتتاح کر دیا ۔ منگل کو منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کو خوبصورتی کے لحاظ سے پاکستان بھر کیلئے ایک مثال بنایا جائے گا وزیر داخلہ محسن نقوی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جلد مزید منصوبے شروع کئے جائیں گے، ایف نائن کا فلائی اوور بھی جلد کھولا جائے گا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے جناح سکوائر کا بہت بڑا منصوبہ آج پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے برق رفتاری سے 72 دنوں کی ریکارڈ مدت میں یہ منصوبہ مکمل کرنے پر وزیر داخلہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب سپیڈ کو محسن سپیڈ میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ باقی منصوبوں کو بھی اسی رفتار سے پایہ تکمیل کو پہنچائیں۔ وزیراعظم نے 60ء کی دہائی میں تعمیر کی جانے والی سرکاری عمارات اور وزارتوں کے دفاتر کی تزئین و آرائش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو خوبصورتی کے لحاظ سے پاکستان بھر کیلئے مثال بنا یا جائے تاکہ باہر سے آنے والے مہمان اس کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔
اہم خبریں سے مزید