اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں تمام چیف کلکٹرز اور ڈائریکٹر جنرلز آف کسٹمز فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویج ملازمین کی تفصیلات فراہم کریں۔وزارت خزانہ و ریونیو کی ہدایت پر ایف بی آر کو فوری طور پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق، وزیر اعظم کے اسسٹنس پیکیج 2006 اور 2015 کے تحت بھرتی ہونے والے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو پہلے ہی 23 دسمبر 2022 کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی پالیسی کے تحت ریگولر کیا جا چکا ہے۔ تاہم، 21 مارچ 2000 کی کنٹریکٹ پالیسی کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین کو ابھی تک ریگولر نہیں کیا گیا ہے۔ بورڈ نے وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کے لیے بنائی گئی کمیٹی کو ملازمین کا ڈیٹا پیش کرنے کے لیے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویج ملازمین کی الگ الگ فہرستیں طلب کی ہیں۔