کراچی ( اسٹاف رپورٹر)چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس 1نے 110 فیصد ماہانہ ہدف عبور کرلیا، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی میں بھی نمایاں اضافہ، تفصیلات کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس 1 کو جنوری میں ٹیکس وصولی کی ذریعے 26 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف دیا گیا تھا جب کہ ریجنل آفس نے 28.6 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی ہے جو کہ دیئے گئے 100 فیصد ماہانہ ہدف سے 10 فیصد زیادہ ہے۔ کسی ریجنل آفس سے ماہانہ ہدف سے زیادہ ٹیکس وصولی ایف بی آر کے لیئے نہایت خوش آئند بات ہے بالخصوص جب ملکی مالی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال 2024-25 کے لیئے دیئے گیا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں تمام تر توجہ مرکوز کی گئی ہو۔ ۔ریجنل ٹیکس آفس 1 نے ڈومیسٹک ٹیکس وصولی کا حصہ بڑھانے اور ٹیکس قوانین کے نفاذ کے لیئے بہتر حکمت عملی ترتیب دی ہے جس کے تحت ٹیکس چوری کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر اسٹاک کے معائنے اور پی او ایس قوانین کی خلاف ورزی پر کاروائیوں کے دوران جرمانے عائد کیئے جارہے ہیں۔ اس حکمت عملی کے تحت رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے۔ اس ضمن میں دسمبر اور جنوری کے دوران 1 ارب روپے سے بھی زائد ٹیکس وصول کیا گیا ہے جو کہ اس سے قبل 300 اور 400 ملین روپے تک وصول ہوتا تھا۔ اسی حکمت عملی کو جاری رکھتے ہوئے فروری اور مارچ کے دوران 3 سے 4 ارب روپے ٹیکس وصول کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔۔چیف کمشنر آر ٹی او 1 ڈاکٹر فہیم محمد نے اپنے افسران اور اسٹاف کی ٹیکس ہدف کی تاریخی وصولی اور تاجر برادری میں پی او ایس قوانین کے بارے میں آگاہی دینے پر سراہتے ہوئے مبارکباد دی اور انہوں نے تاجروں سے کہا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملک کی بہتری اور ٹیکس فراڈ سے دور رہنے کے لیئے اپنے حصے کا ٹیکس از خود ادا کریں۔