اسلام آ باد ( رانا غلام قاد ر )وفاقی بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں جبکہ صدرِ مملکت نے ممبر، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی تقرری کی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق صدرِ مملکت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کےگریڈ 22 کے ریٹائرڈ وفاقی سیکریٹری افضل لطیف کو ممبر، فیڈرل پبلک سروس کمیشن مقرر کیا ہے، تقرری 3 سال یا 65 برس کی عمر تک (جو بھی پہلے ہو) کی گئی ہے، افضل لطیف اسٹیبلشمنٹ ڈویژن و دیگر اہم وفاقی وزارتوں میں بطور سیکریٹری طویل عرصہ خدمات سرانجام دینے کے بعد گزشتہ برس 28 دسمبر 2024 کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوئے تھے۔ دریں اثناء وفاقی حکومت نے ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج، جدہ، سعودی عرب فہیم خان آفریدی کو عہدے سے ہٹا کر فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سندھ حکومت میں تعینات، پولیس سروس گریڈ 19 کے افسر ظفر اقبال ملک کو تبدیل کر کے اُن کی خدمات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سپرد کی گئی ہیں، مزید برآں پنجاب حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کے صاحبزادہ محمد یوسف کو تبدیل کر کے اُن کی خدمات ضلعی انتظامیہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کےگریڈ 17 کے 2 افسران یاسر نذیر اور محمد علی اور بلوچستان حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 17 کے فہد شبیر چیمہ کا تبادلہ کر کے اُن کی خدمات ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے سپرد کی گئی ہیں، وفاقی وزراتوں، ڈویژنز میں تعینات متعدد سیکشن افسروں کے تقرر و تبادلے بھی کئے گئے ہیں۔