گزشتہ روز اپنے نکاح کا اعلان کرنے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ہر دلعزیز جوڑی اداکارہ ماورا حسین اور اداکار امیر گیلانی نے ہر ایک کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاہور میں ہونے والے اس جوڑی کے نکاح کی تصاویر نے تو دھوم مچائی ہوئی ہے تاہم اب ان دیکھی ویڈیوز بھی سامنے آ گئی ہیں۔
طویل عرصے سے دوستی کے رشتے میں رہنے کے بعد اچانک نکاح کا اعلان کر کے مداحوں کو 440 واٹ کا جھٹکا دینے والی اس جوڑی کے نکاح کی ویڈیو نے اداکارہ کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی آبدیدہ کر دیا۔
اداکارہ کے نکاح کی ویڈیو کی دھوم صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی مچی ہوئی ہے، دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے ان کے مداح ان کے نکاح کی خبر سن کر خوشی سے پُھولے نہیں سما رہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں اداکارہ ماورا حسین منٹ گرین لہنگے میں دلہن بنی انتہائی حسین نظر آ رہی ہیں جبکہ امیر گیلانی نے سیاہ شلوار، قمیص، واسکٹ کے ساتھ شال پہنی ہوئی ہے جس میں کائی سبز رنگ نمایاں ہے۔
واضح رہے کہ 32 سالہ اداکارہ ماورا حسین اور 28 سالہ اداکار امیر گیلانی کی جوڑی کو 2020ء میں آن ایئر ہونے والے ڈرامے ثبات اور پھر 2023ء میں آن ایئر ہونے والے ڈرامے نیم میں بے حد پسند کیا گیا تھا۔
مختلف سوشل میڈیا پیجز کے مطابق ان کے نکاح کی تقریب لاہور میں ہوئی ہے جبکہ شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی دیگر تقریبات کا اہتمام اسلام آباد میں ہو گا۔
دونوں اداکاروں کے نکاح کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔